• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایس اے ایس کے طیارے میں 4 دن میں دوسری بار ایمرجنسی، پیرس میں لینڈنگ

ڈنمارک، ناروے اور سویڈن کی مشترکہ ہوائی کمپنی اسکینڈی نیوین ایئر لائنز، جسے عام طور پر ایس اے ایس کے نام سے جانا جاتا ہے، کے ایک ہی مسافر طیارے میں 4 روز کے دوران دوسری مرتبہ ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی۔

ہفتے کی رات کوپن ہیگن کیلئے اڑان بھرنے کے 50 منٹ بعد طیارے نے واپس پیرس ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ 

ایس اے ایس ایئر کے رجسٹریشن ایس ای آر ایس این (SE-RSN) کے حامل ایمبر طیارے نے پرواز ایس کے 1560 کے طور پر ہفتہ کو مقررہ وقت سے دو گھنٹے کی تاخیر سے مقامی وقت رات 08:21 بجے پیرس سے کوپن ہیگن کیلئے اڑان بھری۔ 

فلائٹ ریڈار کی رپورٹ کے مطابق چارلس ڈی گال ایئرپورٹ پیرس سے اڑان بھرنے کے 20 منٹ بعد طیارہ 25 ہزار فٹ کی بلندی سے اچانک نیچے 10 ہزار فٹ کی بلندی پر آگیا اور ریڈار کو طیارے سے ہنگامی صورتحال کے سگنل موصول ہوئے۔

ایئر ٹریفک کنٹرول کی ہدایت پر پائلٹ نے واپسی کی راہ لی اور ٹیک آف کے 50 منٹ بعد پرواز واپس پیرس اترگئی۔ 

ایوی ایشن رپورٹس کے مطابق رجسٹریشن ایس ای آر ایس این (SE-RSN) کے اسی طیارے میں ڈنمارک کے شہر آرہس سے کوپن ہیگن کی پرواز کے دوران 27 مارچ کو بھی ایسی ہی ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی تھی۔ جس پر پرواز ایس کے 9002 کے طور پر دوبارہ ٹیک آف کرنے کے بعد طیارے کو واپس اتارا گیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید