بالی ووڈ کے معروف اداکار ویویک اوبرائے نے تسلیم کیا ہے کہ وہ بھی بالی ووڈ میں لابنگ کا شکار ہوئے اور یہ ہندی فلم انڈسٹری کا ایک تاریک گوشہ ہے۔
وویک نے یہ انکشاف ایک انٹرویو کے دوران کیا۔
یاد رہے کہ معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں کہا تھا کہ انہیں فلم انڈسٹری میں کارنر کردیا گیا تھا، جس کی وجہ سے وہ مغرب چلی گئیں تاکہ ہالی ووڈ پروجیکٹ میں کام شروع کیا جاسکے۔
اب کچھ یہی بات 46 سالہ ویویک اوبرائے نے کہی۔ ان کا کہنا ہے کہ لابنگ اور لوگوں کو پیچھے دھکیلنا ہماری فلم انڈسٹری کی بدقسمتی ہے۔
ویویک نے کہا کہ 2007 میں ایوارڈ وننگ شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈ والا جیسی کمرشل کامیاب فلم کے بعد وہ 14 ماہ بغیر کام کے گھر بیٹھے رہے، جس کے بعد معلوم ہوا کہ لابنگ اور لوگوں کو کارنر کرنے جیسے معاملات ہماری انڈسٹری کا حصہ ہیں اور وہ اسی کا شکار ہوئے۔
انہوں نے 20 برس قبل اپنی جانب سے کی گئی اس پریس کانفرنس کا بھی ذکر کیا جس میں انہوں نے ہندی فلم انڈسٹری میں موجود کچھ تلخ حقائق بےنقاب کیے تھے۔