نیوزی لینڈ کی خاتون کرکٹ امپائر نے نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے میچ میں آن فیلڈ امپائرنگ کے فرائض انجام دے کر تاریخ رقم کر دی۔
کیوی امپائر کم کاٹن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز انٹرنیشنل کے دو مکمل رکن ممالک کے میچ میں امپائرنگ کرنے والی دنیا کی پہلی خاتون آن فیلڈ امپائر بن گئیں۔
گزشتہ روز سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کم کاٹن نے آن فیلڈ امپائرنگ کی ذمے داریاں نبھائی تھیں۔
نیوزی کرکٹ بورڈ نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کم کاٹن کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ کم کاٹن کے لیے آج تاریخی دن ہے، وہ آئی سی سی مینز انٹرنیشنل کے دو مکمل رکن ممالک کے میچ میں امپائرنگ کرنے والی پہلی خاتون آن فیلڈ امپائر بن گئیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی کلیری پولوساک نے 2019ء میں مینز انٹرنیشنل میچ میں امپائرنگ کرنے والی پہلی خاتون آن فیلڈ امپائر کا اعزاز حاصل کیا تھا لیکن انہوں نے 2 ایسوسی ایٹ ممالک عمان اور نمیبیا کے درمیان ون ڈے میچ میں امپائرنگ کی تھی۔