پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کا اعلیٰ سطح کا اجلاس زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہوا، جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر مشاورت کی گئی۔
آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت پیپلز پارٹی کے اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتِ حال پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے، اقلیتی اور آئین کے منافی فیصلے ناقابل برداشت ہیں، قانونی، اخلاقی اور سیاسی طور پر فیصلے کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فرحت اللّٰہ بابر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مطالبہ ہے اقلیتی فیصلے کو قبول نہیں کرنا چاہیے، عدلیہ کی عزت اور وقار کو مجروح نہیں ہونے دیا جائے گا، معزز عدالت کے متضاد فیصلوں کو جلد از جلد حل کیا جائے۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام معاملات پر مذاکرات کے دروازے بند کرنا کوئی حل نہیں ہے۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، فرحت اللّٰہ بابر، یوسف رضا گیلانی، نیئر بخاری، نوید قمر، رضا ربانی، قمر زمان کائرہ، شیری رحمان، شازیہ مری، نثار کھوڑو، محمد علی شاہ باچا، ہمایوں خان، فیصل کریم کنڈی، اخونزادہ چٹان اور دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔