• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابی فنڈز کی عدم فراہمی، متعلقہ حکام چیف جسٹس کے چیمبر طلب

فائل فوٹو
فائل فوٹو

 پنجاب میں عام انتخابات کے لیے فنڈز کی عدم فراہمی پر متعلقہ حکام کو سپریم کورٹ نے چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کے چیمبر میں طلب کر لیا۔

رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے تمام حکام کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 اپریل کو سیکریٹری خزانہ اور اٹارنی جنرل سمیت حکام کو ان چیمبر طلب کیا ہے۔ 

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں انتخابات کے لیے فنڈز کی عدم فراہمی عدالتی احکامات کی حکم عدولی ہے، عدالتی حکم عدولی کے نتائج قانون میں واضح اور سب کے علم میں ہیں۔

سپریم کورٹ نے نوٹس میں کہا کہ تمام افسران 14 اپریل کو چیف جسٹس چیمبر میں پیش ہوں، الیکشن کے لیے فنڈز کی فراہمی توہین عدالت کی کارروائی سے زیادہ اہم ہے۔

عدالت نے گورنر اسٹیٹ بینک کو دستیاب وسائل سے متعلق تمام تفصیلات بھی ہمراہ لانے کا حکم دیا ہے جبکہ سیکریٹری خزانہ کو بھی تمام ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔

نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بتایا جائے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کیوں نہیں کیا گیا۔

عدالت نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات سے متعلق تمام ریکارڈ بھی فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ سیکریٹری قانون، ڈائریکٹر قانون پنجاب اور کے پی میں انتخابات سے متعلق تمام ریکارڈ کے ساتھ 14 اپریل کو دن 11 بجے پیش ہوں۔

قومی خبریں سے مزید