وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دوپہر1 بجے طلب کرلیا، پنجاب الیکشن فنڈز سے متعلق مشاورت کا امکان ہے۔
اجلاس میں آئینی قانونی اور معاشی امور پر غور ہوگا اور اہم قومی امور پر بھی مشاورت کی جائے گی۔
دوسری جانب جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزداہ کے ساتھ ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ پیسے الیکشن کمیشن کے پاس پہنچ بھی جائیں تب بھی فائدہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے فیڈرل گوٹ اور پارلیمنٹ کو ایک سائیڈ پر کردیا ہے۔
رانا ثناء کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کل ملک کا بجٹ بھی خود پاس کر دے، ضد، دھونس، تکبر، دھاندلی، بے اصولی اور غیر آئینی طریقے سے الیکشن کرانے کی کوشش کی گئی تو یہ نہیں ہو پائے گا۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے اسٹیٹ بینک کو پنجاب میں الیکشن کے لیے 21 ارب روپے الیکشن کمیشن کو دینے کا حکم دیا ہے۔