اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نےاپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہ کو ٹیلی فون کیا اور عید کی مبارکباد دی ۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے بھی ایرانی عوام کو مبارکباد دی۔ اپنے ایرانی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی ایک مثبت پیش رفت ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی سے خطے کی ترقی اور استحکام میں مدد ملے گی، پاکستان دونوں ممالک کے درمیان بہتر ہونے والے تعلقات کا خیرمقدم کرتا ہے۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو سے قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج خان درانی نے نوڈیرو ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور اور آصفہ بھٹو بھی شریک تھی۔