• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ: چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کا بینچ ڈی لسٹ کر دیا گیا

سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کا بینچ آج ڈی لسٹ کر دیا گیا۔

بینچ کے سامنے سماعت کے لیے مقرر کیے گئے تمام مقدمات بھی ڈی لسٹ کر دیے گئے۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے مقدمات ڈی لسٹ ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن میں بینچ ڈی لسٹ کرنے کی وجوہات نہیں بتائی گئیں۔

چیف جسٹس پاکستان کے بینچ میں جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس اطہر من اللّٰہ بھی شامل تھے۔

بینچ کے سامنے آج 12 مقدمات سماعت کے لیے مقرر کیے گئے تھے۔

بینچ نمبر 2 کے مقدمات کی فہرست بھی منسوخ

سپریم کورٹ کے بینچ نمبر 2 کے مقدمات کی فہرست بھی منسوخ کر دی گئی۔

جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل اس بینچ کی کاز لسٹ بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔

نئے بینچ نمبر 2 کی تشکیل

بینچ نمبر 2 کے تمام مقدمات کی سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دے دیا گیا۔

یہ نیا بینچ جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس امین الدین خان پر مشتمل ہے۔

سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے نئے بینچ نمبر 2 کے مقدمات کی فہرست جاری کردی ہے۔

چیف جسٹس کا بینچ کیوں ڈی لسٹ ہوا؟

دوسری جانب چیف جسٹس پاکستان کے بینچ کے ڈی لسٹ ہونے کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ بینچ چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی خرابیٔ صحت کے باعث ڈی لسٹ ہوا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال بخار، جسم درد اور فلو کا شکار ہیں، وہ گزشتہ روز اپنے گاؤں میں تھے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیف جسٹس صحت یاب ہونے پر دوبارہ مقدمات کی سماعت کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید