بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی نئی آنے والی فلم ’جوان‘ کے سیٹ سے کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر لیک ہوگئی ہیں۔
فلم کے سیٹ سے لیک ہونے والی ویڈیوز مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہونے کے بعد دہلی کورٹ نے ان تمام وائرل ویڈیوز کو فوری طور پر ڈیلیٹ کرنےکی ہدایت دی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، شاہ رخ کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ نے کاپی رائٹ کے قوانین کی خلاف ورزی پر مقدمہ دائر کیا تھا جس کے جواب میں 25 اپریل یعنی گزشتہ روز جسٹس سی ہری شنکر نے یوٹیوب، ٹوئٹر، ریڈٹ اور گوگل کو ہدایت دی ہے کہ وہ فلم ’جوان‘ کی تمام لیک ویڈیوز کو جلد از جلد ڈیلیٹ کردیں۔
اس کے علاوہ، دہلی کی عدالت نے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ ایسی ویب سائٹس تک رسائی کو روک دیں جو فلم کے کاپی رائٹ والے مواد کو اپلوڈ کررہی ہیں۔
واضح رہے کہ ابھی تک شاہ رخ خان کی فلم کی دو ویڈیوز لیک ہو چکی ہیں، جن میں سے ایک ویڈیو میں انہیں ایکشن سین شوٹ کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ دوسری ویڈیو میں اُنہیں ایک یاٹ پر ساتھی اداکارہ نینتھارا کے ساتھ ایک رومانوی گانا فلماتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے میں کہا گیا ہے کہ لیک ہونے والی ویڈیوز کاپی رائٹس کی خلاف ورزی ہیں جس سے فلم براہ راست متاثر ہو رہی ہے۔
اس کے علاوہ، ان ویڈیوز سے فلم کے اداکاروں اور موسیقی کا انداز بھی سامنے آرہا ہے جس کی وجہ سے فلم کی مارکیٹنگ کی حکمت عملی کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔