تحریکِ انصاف کے صدر اور پنجاب کے سابق وزیرِ اعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف گوجرانوالہ میں ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمہ اینٹی کرپشن گوجرانوالہ نے سورس رپورٹ پر اپنی مدعیت میں درج کیا۔
ایف آئی آر میں ترقیاتی اسکیم کے ٹھیکے کی مد میں 2 ارب روپے رشوت لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
مقدمے میں پہلے سے گرفتار سہیل اصغر چوہدری کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں ایکسیئن اور ایس ڈی او ہائی وے گجرات اور ٹھیکہ لینے والی کمپنی کے مالک حاجی طارق کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق 10 ارب روپے کی لاگت سے گجرات پرانا جی ٹی روڈ کی تعمیر کی گئی، جس کا ٹھیکہ حاجی طارق کی کنسٹرکشن کمپنی کو دیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق پرویز الہٰی نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے 2 ارب روپے لے کر ٹھیکہ دلوایا، ڈیل میں پرویز الہٰی کا فرنٹ مین سہیل اصغر بھی برابر کا شریک ہے۔