وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک میں انتہا پسندانہ رویوں کی وجہ ہیں۔
مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لگتا ہے فارن ایجنٹ نے وزیرِ اعظم کی برطانوی بادشاہ کے ساتھ ویڈیو دیکھ لی ہے۔
اُنہوں نے عمران خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل یہ ہے کہ تم جیل جاؤ، سازش، جھوٹ اور چوریوں پر تمہیں سزا ہو، کیونکہ تمہارا شر، زہر اور ذہنیت، معاشرے میں عدم برداشت اور تشدد پیدا کر رہا ہے، ملک کو تم جیسا فراڈ، فتنہ، فساد، انتشار، خلفشار نہیں روٹی، روزگار اور کاروبار چاہیئے۔
مریم اورنگزیب نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تمہاری وجہ سے آج جتھوں کے ہاتھوں لوگوں کا قتل ہو رہا ہے، عمران خان نے ماضی میں کبھی بھارت، کبھی کشمیر اور کبھی اسلام کے نام پر گھٹیا سیاست کی اور آج بھی کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کے مودی کی کامیابی کی دعائیں کرنے والے کی باتیں سنو؟ بے شرم انسان نے فتنہ، فساد اور انتشار کی کال صرف چین کے وزیرِ خارجہ اور شہباز شریف کی شاہ چارلس کے ساتھ ویڈیو کو دیکھ کر دی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سی پیک پر کام کی رفتار تیز ہوتے، وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے کامیاب دورے اور بھارتی وزیرِ خارجہ کو زبردست جواب دیتے دیکھنے کے بعد فارن فنڈڈ ایجنٹ پاگل ہو گیا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ شہبازشریف جو کر رہے ہیں تم دیکھ نہیں سکتے کہ تمہارے سر پر کالی بالٹی ہے، تم 2013ء سے سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہو، مستقبل میں بھی اسی طرح روتے اور پیٹتے ہی رہو گے کیونکہ اب الیکشن ہو گا لیکن تم کبھی سلیکٹ نہیں ہو سکو گے۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ تم سلیکٹ نہیں ہو سکو گے کہ کیونکہ اب نہ فیض، نہ کھوسہ، نہ ثاقب نثار اور نہ ہی باجوہ ہے، اس لیے سڑکوں پر نہیں تم عدالت جاؤ۔