• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نادیہ افغان قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر کیوں برس پڑیں؟

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ ورسٹائل اداکارہ نادیہ افغان کو قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا برطانوی شاہ چارلس سوم کو رسم تاجپوشی پر مبارک باد دینا پسند نہیں آیا۔

پاکستانی برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ پوسٹ کی گئی جس میں دو پاکستانی کرکٹ ٹیم  کے کھلاڑی فاسٹ بولر نسیم شاہ اور سابق کپتان محمد حفیظ کو دیکھا جاسکتا ہے جو برطانوی بادشاہ چارلس سوم کو ان کی رسم تاج پوشی کے موقع پر مبارک باد اور نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔

قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے اس وائرل ویڈیو کلپ کو دیکھ کر یہ اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں کھلاڑی اسکرپٹ پڑھ کر برطانوی بادشاہ کو مبارکباد دے رہے ہیں۔

قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے مختلف سوشل میڈیا پیجز پر خوب وائرل ہوگئی، تاہم جلد ہی اس نے اداکارہ نادیہ افغان کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کرالی۔


اس وائرل ویڈیو کلپ پر اداکارہ نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اس کا ذمہ دار کون ہے ؟ کس نے انہیں ایسا کہنے کے لئے کہا؟ یہ نہایت افسوس ناک ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال کے بعد برطانیہ کے بادشاہ بننے والے شاہ چارلس سوم تاریخی کنگ ایڈورڈ تاج پہننے والے برطانیہ کے 7 ویں بادشاہ بن چکے ہیں۔

شاہ چارلس سوم کی تاج پوشی کی تقریب 6 مئی ہفتے کے روز لندن کے شاہی چرچ ویسٹ منسٹر ایبے میں منعقد کی گئی جس میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دنیا بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید