پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے لندن میں اپنا قیام ایک دن بڑھا دیا تھا، عمران خان کی گرفتاری سے متعلق ان کو سب معلوم تھا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری منصوبہ بندی کے تحت کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان چیف جسٹس کے سامنے پیش ہونے کیلئے گئے تھے، عمران نے کہا وارنٹ دکھائیں میں خود گرفتاری دے دوں گا۔
سابق وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اہلکاروں نے دھاوا بولا، ہماری قانونی ٹیم کو زخمی کیا اور عمران خان کو گرفتار کرکے لے گئے۔
انہوں نے کہا کہ میری اہلیہ اسپتال میں ہیں، ان کی تیمارداری کے لیے آیا تھا، اسلام آباد جارہا ہوں، سنئیر لیڈرشپ اور 6 رکنی کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت سامنے رکھتے ہوئے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا، میں نے رابطہ کرنے کی کوشش کی ہے کچھ لوگوں سے رابطہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کے بعد میری گرفتاری کا منصوبہ ہے تو یہ جھنڈا ایک سے دوسرے ہاتھ میں جائے گا۔
صبح عمران خان کے پاس تھا اب میرے پاس ہے، رات کو ہوسکتا ہے یہ جھنڈا کسی اور کے ہاتھ میں ہو۔