• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان خود کو آئین و قانون سے ماورا سمجھتے ہیں، فاروق ستار

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ عمران خان خود کو آئین و قانون سے ماورا سمجھتے ہیں۔

کراچی میں ایم کیو ایم قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ سیاسی تنظیموں کے کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاری معمول کی بات ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری کے بعد کارکنوں کو ریاست پر حملے کی لائن دی، پہلی بار کور کمانڈر کے گھر پر حملہ کیا گیا۔

ایم کیو ایم کے سینئر رہنما نے مزید کہا کہ اگر چیئرمین پی ٹی آئی پر مقدمہ ہوگیا تو کون سی قیامت آگئی؟ لگتا ہے عمران خان خود کو آئین اور قانون سے ماورا سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنما جیلوں میں جاتے رہے ہیں، کل کچھ مختلف نہیں ہوا، پی ٹی آئی نے جن گھروں پر حملے کیے وہ ریاستی سلامتی کی علامت ہوتی ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اہم اداروں کے مقامات پر حملہ کیا گیا، تبدیلی اس وقت نظر آتی جب عمران خان مقدمات کا سامنا کرتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہے ہیں، عمران خان گرفتاری کے روادار نہیں تھے، تحریک انصاف خود کو خاص مخلوق سمجھتی ہے۔

ایم کیو ایم کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ تبدیلی یہ ہے کہ ایک رہنما اتنا پاک ہے کہ کوئی اسے چھو بھی نہیں سکتا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کارکنان نے گاڑیوں کو آگ لگائی، توڑ پھوڑ کی، کل کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید