چیئرمین تحریک انصاف عمران خان رہائی کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ سے لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک پہنچ گئے۔
عمران خان قافلے کی صورت میں رات گئے زمان پارک میں اپنی رہائشگاہ پہنچے، انہوں نے گھر میں اپنی بہنوں سے بھی ملاقات کی۔
عمران خان اسلام آباد پولیس کی سیکیورٹی میں لاہور کے لیے روانہ ہوئے تھے، انہوں نے چکری ریسٹ روم میں تھوڑی دیر قیام کیا، بھیرہ میں چیئرمین پی ٹی آئی اسلام آباد پولیس کی گاڑی سے اتر کر اپنی سیکیورٹی ٹیم کے ہمراہ بلٹ پروف گاڑی میں لاہور روانہ ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق عمران خان کا قافلہ لاہور پہنچ گیا، ٹھوکر نیاز بیگ پر کارکنوں کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کا شاندار استقبال کیا گیا، اس موقع پر کارکنوں نے آتش بازی بھی کی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے عمران خان کو کسی بھی کرمنل کیس میں پیر تک ملک بھر سے گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔