• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان پاکستان کیلئے سیکیورٹی رسک بن چکا، کامران ٹیسوری

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کےلیے سیکیورٹی رسک بن چکا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہمارا اس وقت ملک میں فتنے سے مقابلہ ہے، فتنے سے جان چھڑانے پر بھی غور و فکر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے افواج پاکستان کو نشانہ بنایا کیونکہ ایجنٹ کا کام ہی یہ ہے، پی ٹی آئی چیئرمین پاکستان کےلیے سیکیورٹی رسک بن چکا ہے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ عمران خان سی پیک کو مکمل ہوتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے، اُن کے دور میں منصوبے پر کام رکا ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نے کل عدالت میں بیٹھ کر بھی آرمی چیف کےخلاف بات کی، اگر کچھ ثابت ہوتا ہے تو عمران خان پر پابندی لگنی چاہیے۔

کامران ٹیسوری نے یہ بھی کہا کہ جو کچھ عمران خان کے کارکنوں نے کیا، اس طرح کراچی میں ہوتا تو سب پھانسی چڑھتے۔

انہوں نے کہا کہ کل رات 9 بجے استحکام پاکستان کےلیے دعا کا انعقاد کیا گیا ہے، 21 مئی کو افواج پاکستان اور قائداعظم سے اظہاریکجہتی کےلیے اجتماع ہوگا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ مردم شماری ہماری ریڈلائن ہے، کراچی کی آبادی ڈیڑھ کروڑ دکھائی گئی تو میں مستعفی ہوجاؤں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ روزمرہ کی بنیاد پر مردم شماری کو دیکھ رہا ہوں، میں خالد مقبول سے بھی مسلسل رابطے میں ہوں۔

کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ چھوٹےصوبوں میں احساس کمتری جنم لے رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید