پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سپریم کورٹ کے باہر دھرنے میں شرکت کے لیے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور نائب صدر مریم نواز اسلام آباد پہنچ گئیں۔
مریم نواز پارٹی قائد نواز شریف اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پیر کو پی ڈی ایم کے دھرنے میں شریک ہوں گی۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے کارکنان کل اسلام آباد پہنچیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع سے کارکنان اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔
شاہ محمد شاہ نے بتایا ہے کہ پی ڈی ایم کے کارکن اسلام آباد میں پُرامن احتجاج کریں گے۔
گزشتہ روز پی ڈی ایم کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے باہر کل (پیر کو) دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس دھرنے میں شرکت کے لیے ملک بھر سے جے یو آئی ف کے قافلوں کی اسلام آباد کی جانب روانگی جاری ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے تمام سیاسی جماعتوں کو سپریم کورٹ کے خلاف احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایک مجرم کو یک طرفہ تحفظ اور وی آئی پی پروٹوکول دیا جارہا ہے، عوام اور کارکنوں کو دعوت دے رہے ہیں کہ پیر کی صبح شاہراہِ دستور پہنچیں اور دھرنا دیں۔