• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی نے ایشیا کپ کے میچز کیلئے دبئی کو ترجیحی وینیو قرار دے دیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایشیا کپ کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہائبرڈ فارمولے کے لیے دبئی کو ترجیحی وینیو قرار دے دیا۔

ذرائع کے مطابق دبئی کو ترجیحی وینیو، گیٹ منی کی وجہ سے قرار دیا گیا ہے۔

 پی سی بی کا مؤقف ہے کہ کولمبو یا کسی اور وینیو سے دبئی کی طرح گیٹ منی حاصل نہیں ہو سکتی، دبئی کے علاوہ کسی اور وینیو کی وجہ سے گیٹ منی کا نقصان ایشین کرکٹ کونسل کو پورا کرنا چاہیے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کو ازسر نو پیش کیے جانے والے ہائبرڈ فارمولے کے منظور ہونے کی بھی امید ہے اور سری لنکا اور بنگلادیش کی ہاں کے بعد پی سی بی جلد فیصلے کے لیے پُراعتماد ہے۔

 اے سی سی کے اجلاس کے حوالے سے پی سی بی کو تاحال نہیں بتایا گیا تاہم پی سی بی کو یقین ہے کہ ہائبرڈ فارمولے میں پاکستان کی ترجیح کو اہمیت دی جائے گی۔

ہائبرڈ فارمولے میں پاکستان نیپال کے خلاف میچ اپنے ملک میں کھیلے گا، 3 میچز میں بنگلادیش، افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ میں بھارت کے گروپ میچز، ٹاپ چار ٹیموں اور فائنل ہائبرڈ فارمولے کے وینیو پر ہوگا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید