القادر ٹرسٹ کیس کے سلسلے میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی 3 رکنی ٹیم لاہور میں واقع زمان پارک پہنچی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ نیب کی ٹیم القادر ٹرسٹ کیس میں بشریٰ بی بی کو نوٹس دینے زمان پارک پہنچی تھی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کو کل اسلام آباد کی احتساب عدالت نے طلب کیا ہے۔
نیب کی ٹیم نے پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کو بشریٰ بی بی کے لیے جاری کیا گیا نوٹس دے دیا جس کے بعد نیب کی ٹیم واپس روانہ ہو گئی۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے القادر ٹرسٹ کیس میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت 23 مئی تک منظور کی تھی۔
بشریٰ بی بی نے القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دی تھی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہباز رضوی نے بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی تھی۔
بشریٰ بی بی نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر حفاظتی ضمانت حاصل کی تھی۔