تفہیم المسائل
سوال: عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ برتھ سرٹیفکیٹ اور نادرا کے ریکارڈ میں والدین اپنے بچوں کی عمر کئی سال کم لکھواتے ہیں، اگر یہ بچے جوان ہو کر سرکاری ملازمت کرتے ہیں تو ملازمت کی عمر ساٹھ سال گزرنے کے باوجود بھی وہ ملازمت پر رہتے ہیں اور تنخواہ سمیت مراعات بھی لیتے رہتے ہیں، کیا یہ جائز ہے ؟،(سید فہیم الدین ، کراچی)
جواب: بچے کی پیدائش کے ابتدائی چھ ماہ میں عموماً برتھ سرٹیفکیٹ بنوایا جاتا ہے اور یہ کام بچے کے والدین یا سرپرست میں سے کوئی کرتا ہے، اُنھیں ان دستاویزات میں بچے کی صحیح عمر کا اندراج کرانا چاہیے، غلط اندراج کرانے کی ذمہ داری اُنھی پر ہوگی اور اپنے بچوں کے بارے میں کذب بیانی کا گناہ بھی والدین کے سر ہوگا، کیونکہ اس میں بچے کا کوئی قصور نہیں ہے، یہ عمل جھوٹ پر مبنی ہونے کے سبب ناجائز ہے۔ البتہ عقدِ اجارہ اور قانون کی رو سے ملازمت سے حاصل ہونے والی تنخواہ اور مراعات جائز ہیں کہ یہ محنت کا عوض اور اس کے وقت کا اجارہ ہے۔