لاہور( نمائندہ جنگ ) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت 3مقدمات میں 2 جون تک عبوری ضمانتیں منظور کرلیں،جج اعجاز بٹر کی عدالت نے عمران خان کو شامل تفتیش ہونے اور ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا،عدالت نے عمران خان کو حکم دیا کہ آپ نے تفتیش میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دینی، جس پر عمران خان نے جواب دیا آپ فکر نہ کریں،وکیل نے دلائل میں کہا کہ جب یہ افسوسناک واقعہ ہوا تو درخواست گزار گرفتار تھے ، واقعہ کا جیسے ہی پتا چلاعمران خان نے شدید مذمت کی ، پولیس نے بے بنیادمقدمات درج کیے ہیں، درخواست گزار شامل تفتیش ہونا چاہتا ہے عدالت عبوری ضمانت منظور کرے ،تھانہ سرور روڑ ،گلبرگ اور شادمان میں درج مقدمات کے سلسلے میں عمران خان نے گرفتاری سے بچنے کیلئے عبوری ضمانتوں کی درخواست دائر کی تھی۔