وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جی 20 ممالک کا اجلاس بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندوستان کی جانب سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر کے جی ٹونٹی اجلاس کے انعقاد کے خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلیے پاکستان کے وزیر خارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آزادجموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد پہنچے۔
بلاول بھٹو زرداری کا ہیلی پیڈ پر پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین، قائد حزب اختلاف قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، سیکریٹری جنرل پی پی پی آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور، ممبران اسمبلی میاں عبدالوحید، سید بازل علی نقوی، سردار جاوید ایوب، نبیلہ ایوب، چیف سیکریٹری آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ و دیگر نے استقبال کیا۔
ہیلی پیڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جی 20 کا اجلاس عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ بھارت ایک کانفرنس کے ذریعے کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے یہ ممکن نہیں کہ وہ دنیا میں کوئی اہم کردار ادا کرسکے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب بھارت جی ٹوئنٹی کا اجلاس مقبوضہ کشمیر میں کروا رہا ہے، مجھے آزاد جموں و کشمیر اسمبلی سے خطاب کی دعوت دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو یہ سمجھتے ہیں کہ ایک کانفرنس کا انعقاد کر کے وہ مقبوضہ کشمیر کی آواز کو دباسکتے ہیں، ہم ان کو غلط ثابت کریں گے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم بھارت کا اصل چہرہ دنیا کو دکھا رہے ہیں۔ میں کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یہاں آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 22 مئی کے روز کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری تین روزہ دورہ پر آزادجموں و کشمیر آئے ہیں۔
وزیر خارجہ پیر کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے اور میڈیا کو بریفنگ بھی دیں گے۔
وزیر خارجہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مہاجرین سے بھی ملاقات کریں گے اور منگل کو باغ میں احتجاجی جلسے سے بھی خطاب کریں گے۔