ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے اسلامی پاسداران انقلاب کے کمانڈر علی اکبر احمدیان کو سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کا سیکریٹری مقرر کر دیا۔
سیکریٹری برائے سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کا ایران میں اعلیٰ سطح کا عہدہ ہے، جو ملک کی داخلی اور علاقائی پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
احمدیان سے قبل علی شام خانی اس عہدے پر پچھلے 10 برس سے تعینات تھے، وہ ماضی میں ایرانی بحریہ کے ایڈمرل رہ چکے ہیں۔
علی اکبر احمدیان کون ہیں؟
ایران کی خبر ایجنسی تسنیم نیوز کے مطابق احمدیان پاسداران انقلاب اسٹریٹجک سینٹر کے سربراہ ہیں۔
وہ مصالحتی کونسل کے رکن بھی ہیں، 1976 سے 1979 تک وہ پاسداران انقلاب بحریہ کے کمانڈر تھے۔
1979 سے 1986 تک احمدیان نے پاسداران انقلاب جوائنٹ اسٹاف کی سربراہی کی۔
جولائی 2000 میں آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے احمدیان کو پاسداران انقلاب کا چیف آف اسٹاف مقرر کیا تھا۔
انہیں فورس میں جدیدیت لانے اور اس کے آپریشنز کو مزید موثر بنانے کا کریڈٹ دیا جاتا ہے۔
24 مارچ 2007 کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل نے انہیں ایران کی پاسداران انقلاب سے منسلک قرار دیتے ہوئے ان کے بیرون ملک اثاثوں کو منجمد کر دیا تھا۔