لاہور( کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی نےآئی جی پنجاب کواینکر کی بازیابی کیلئے ایک اور موقع دیدیا۔ عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ اگر خدانخواستہ اسے کوئی نقصان ہوا تو میں سب ذمہ داران کو فکس کردوں گا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالت ان کی زندگی کیلئے کوشش اور اسکی حفاظت کیلئے اقدامات کر رہی ہے،میرا مین فوکس اینکر پرسن عمران ریاض خان کو بازیاب کروانا ہے، میں ان کی زندگی کی دعا کر رہا ہوں ، اللّٰہ کرے وہ محفوظ ہوں۔عدالت کے روبرو آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اینکر پرسن سے متعلق لاعلمی کا اظہار کر دیا، عدالت کے استفسار پر آئی جی پنجاب نے جواب دیا کہ ہم نے کل رات بھی میٹنگ کی ہے، ساری ایجنسیوں کے لوگ آئے تھے، پورے پاکستان کی پولیس سے پوچھ لیا ہے، وہ کسی کے پاس نہیں ہے، عدالت سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع سے بھی اس بارے میں جواب مانگے، انہیں کہیں کہ ہماری مدد کریں۔