وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے یورین سیمپل سے شراب اور کوکین کے اجزاء پائے گئے ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ گرفتاری کے بعد عمران خان کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق عمران خان کے یورین سیمپل میں شراب اور کوکین کے نمونے پائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ میں عمران خان کی ذہنی حالت پر بھی سوالیہ نشان لگایا گیا اور کہا گیا کہ اُن کی حرکات و سکنات فٹ آدمی کی نہیں تھیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان کی میڈیکل رپورٹ میں فریکچر نہیں پاؤڈر نکلا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی 5، 6ماہ پلستر چڑھا کر گھومے، مگر فریکچر نہیں تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسی شخص کو ڈیم والے جج نے صادق اور امین قرار دیا تھا؟ عمران خان نے نوجوانوں کو جس راستے پر لگایا اس کا نتیجہ سب نے دیکھ لیا۔
عبدالقادر پٹیل نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کو کیا کوئی عزت دار آدمی گھر پر بلائے گا، چیئرمین پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ پبلک ڈاکیومنٹ ہے، شائع کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جن ڈاکٹرز نے عمران خان کی ٹانگ پر فریکچر کا لکھا ہے رونگ پریکٹسیز کیلئے لکھیں گے، عمران خان کی تفصیلی میڈیکل رپورٹ آئے گی تو پھر پولیس کو بھجوائیں گے۔