وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم تکبیر عام دن نہیں۔ یہ دن قوم کے ناقابل شکست دفاع کی منزل حاصل کرنے کی کٹھن اور عظیم داستان ہے۔
یوم تکبیر پر اسلام آباد سے جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن قومی سطح پر موجود تمام سیاسی قوتوں کے اتحاد سے قومی سلامتی کے مقصد کے حصول کی مثال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو جیسے اہل بصیرت لیڈر نے پاکستان کا جوہری پروگرام شروع کیا۔ میرے لیڈر نواز شریف نے تمام دباؤ اور ہر قسم کی لالچ رد کرتے ہوئے یقینی بنایا کہ پاکستان جوہری قوت بنے۔ اس دن پاکستان نے اپنے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں ہمیشہ کےلیے امن و استحکام کے اصول طے کر دیے۔
انہوں نے یومِ تکبیر کی سلور جوبلی پر سیاسی و عسکری قیادت سمیت ملک کے سائنسدانوں، انجینئیرز اور جوہری پروگرام سے وابستہ تمام افراد کو خراج تحسین کیا اور کہا کہ ان کی انتھک محنت نے ہمیشہ کےلیے ملکی دفاع کو بیرونی خطرات سے محفوظ بنایا۔