• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہندو پنڈتوں کی موجودگی میں مودی نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کردیا، اپوزیشن کا بائیکاٹ

نئی دہلی (اے ایف پی، جنگ نیوز) سیکولر انڈیا میں ہندو پنڈتوں کے حصار میں قوم پرست بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے نئی بھارتی پارلیمنٹ کا افتتاح کردیا، اس موقع پر ہندوانہ رسومات ادا کی گئیں ، اپوزیشن کی 19جماعتوں نے تقریب کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ آئین کی سراسر توہین ہے، افتتاح وزیراعظم کو نہیں بلکہ صدر مملکت کو کرنا چاہیے تھا ، اپوزیشن کی ایک جماعت نے مسدس ڈیزائن میں بنی پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو تابوت سے تشبیہ دی ہے ۔ مودی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نہ صرف جمہوری ملک ہے بلکہ جمہوریت کی ماں بھی ہے ، انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف ایک عمارت ہے بلکہ جمہوریت کے لئے ایک مینار کی ماند ہے جو دنیا کو بھارت کے عزم کا پیغام دے گی ۔ اتوار کو پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح ایک ایسے موقع پر ہوا جب بھارت کی آزادی کے ہیرو مہاتما گاندھی کے قتل کے محرک ہندو رہنما وینائیک دامودار ساورکار کا جنم دن بھی ہے ، مہاتما گاندھی کا قاتل ساورکار کے نظریات سے متاثر تھا۔ دریں اثناء راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا موازنہ تابوت سے کیا ہے۔ پارٹی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ٹویٹ کی گئی تصویر میں پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے ساتھ تابوت کی تصویر لگاتے ہوئے پوچھا ہے کہ یہ کیا ہے؟

دنیا بھر سے سے مزید