• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملائیشیا میں روکا گیا پی آئی اے کا طیارہ چھوڑ دیا گیا

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

قومی ایئر لائن پی آئی اے کے طیارے کو ملائیشین حکام نے چند گھنٹوں بعد ریلیز کر دیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ملائیشیا میں گزشتہ روز پی آئی اے کے طیارے کو چند گھنٹوں کے لیے روکا گیا تھا، جس کے بعد اسے چھوڑ دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق طیارے کو لیز کے مسائل پر کوالالمپور میں غیر ملکی کمپنی نے عدالتی احکامات پر روکا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 894 جیسے ہی کوالالمپور پہنچی، ملائیشین حکام نے طیارے کو روک لیا تھا۔

ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ روکنے جانے پر قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ترجمان کی جانب سے وضاحت سامنے آئی ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ملائیشیا میں روکا گیا بوئنگ 777 طیارہ پی آئی اے کی اپنی ملکیت ہے، انجن لیزنگ کمپنی نے ملائیشیا کی عدالت سے غلط اعداد و شمار کے ذریعے حکمِ امتناع حاصل کیا۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ لیزنگ کمپنی نے 4.5 ملین ڈالرز کا کلیم کیا جو غلط ہے، لیزنگ کمپنی کی واجب الادا رقم 1.8 ملین ڈالرز تھی جو ادا کی جا چکی تھی۔

پی آئی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ پی آئی اے نے کوالالمپور میں عدالت سے رجوع کر لیا ہے، معاملہ اس وقت زیرِ سماعت ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق اس طرح طیارہ رکوانے اور زبردستی پیسے نکلوانے کے معاملات دنیا میں کہیں دیکھنے میں نہیں آتے خاص طور پر جبکہ لیزنگ کمپنی اور پی آئی اے دونوں ملائیشیا کی مقامی کمپنیاں نہیں ہیں۔

پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پی آئی اے نے اس پرواز کے مسافروں کو متبادل طیارے سے پہلے ہی وطن واپس پہنچا دیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید