• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان پر حملہ کیس، جے آئی ٹی رکن مکمل ریکارڈ سمیت عدالت طلب

لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے پچھلی جے آئی ٹی کے رکن انور شاہ کو مکمل ریکارڈ سمیت 7 جون کو طلب کرلیا۔

عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیس میں شریک ملزم طیب بٹ کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس امجد رفیق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔

عدالتی حکم پر ایس ایچ او وزیرآباد نصیر احمد نے رپورٹ پیش کی جس پر جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا کہ آج مقدمے کا ریکارڈ کیوں نہیں لائے؟

ایس ایچ او سٹی وزیرآباد نے جواب دیا کہ مقدمےکا ریکارڈ پہلی جے آئی ٹی کے رکن انور شاہ کے پاس ہے، انہیں متعدد فون کیے مگر وہ اٹینڈ نہیں کرتے۔

لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ 7 جون کو اگلی سماعت پر پچھلی جے آئی ٹی کے رکن انور شاہ مکمل ریکارڈ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوں۔

وکیل ملزم نے کہا کہ پولیس نے طیب بٹ کو 4 نومبر 2021 سے گرفتار کر رکھا ہے۔ 

وکیل نے بتایا کہ پراسیکیوشن کے مطابق طیب بٹ نے عمران خان پر حملے کے مرکزی ملزم نوید کو پستول فراہم کیا۔

ملزم کے وکیل نے استدعا کی کہ ہائیکورٹ شریک ملزم طیب بٹ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے۔

قومی خبریں سے مزید