بھارتی حکومت نے گزشتہ سال 9 مارچ کو پاکستانی حدود میں براہموس میزائل فائر کرنے کے واقعہ سے متعلق اعتراف کیا کہ میزائل فائر کرنے پر عالمی شرمندگی اٹھانا پڑی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں براہموس میزائل گرنے کے واقعے سے پڑوسی ممالک سے تعلقات بھی متاثر ہوئے۔
حکومت کا مزید کہنا ہے کہ پاکستانی حدود میں میزائل گرنے کے حادثے پر ملکی خزانے کو 24 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ بین الاقوامی برادری نے واقعے کی تفصیلات جاننے کے لیے حکومت پر دباؤ بڑھایا تھا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی حدود میں میزائل گرنے سے عالمی سطح پر بھارت اور بھارتی فضائیہ کی ساکھ پر بھی سوال اٹھ گئے۔
بھارتی حکومت کے مطابق شواہد کی حساس نوعیت کے پیش نظر فضائیہ کے افسران کی برطرفیوں کے خلاف درخواست بلاجواز ہے۔
دہلی ہائی کورٹ میں بھارتی حکومت نے بھارتی فضائیہ کے افسران کی اپنی برطرفیوں کے خلاف درخواست میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ درخواست بلاجواز ہے۔ میزائل واقعے کے خلاف سنگین غفلت کے الزام میں بھارتی فضائیہ کے 4 افسران کو برطرف کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر سمیت 3 افسروں نے برطرفیوں پر دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔