راولپنڈی (سٹاف رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی ) تھانہ روات کے علاقہ میں گھر میں گھس کر مبینہ طور پر ڈکیتی کی واردات کرنے والے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے آزاد کشمیر کے جج جاں بحق ہوگئے۔ایک زخمی ڈاکو کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر فرار ہونےمیں کامیاب ہوگئے ، واقعے کی رپورٹ طلب کرلی گئی۔ پولیس کے مطابق نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز8 میں واقع احتساب بیورو آزاد کشمیر کے جج سردار امجد اسحاق کی رہائش گاہ میں منگل کو علی الصبح پانچ ملزمان واردات کے لئے داخل ہوئے جہاں مزاحمت پر ملزموں نے فائرنگ کردی جس سے سردار امجد اسحاق چھاتی میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ سے ایک ڈاکو بھی زخمی ہوا جسے گرفتار کر لیا گیا۔ جس کا نام فرہاد بتایا جاتا ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر ایس پی صدر پولیس نفری کے ہمراہ جائے واردات پر پہنچ گئے۔