• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثاقب نثار چیف جسٹس رہے اور ان کے فیصلوں سے عمران خان کو فائدہ ہوا، شرجیل میمن

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ثاقب نثار چیف جسٹس رہے اور ان کے فیصلوں سے عمران خان کو فائدہ ہوا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پارلیمنٹ سب سے مقدس ادارہ ہے جس کی توہین کی جا رہی ہے اور اس کی دھجیاں اڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ثاقب نثار کے بیٹے یا کسی اور کی گفتگو ذاتی نہیں، گفتگو میں سیاسی جماعت کا ٹکٹ بیچنے کی بات ہو رہی ہے، ٹکٹ بیچنے سے متعلق گفتگو کی تحقیقات ہونی چاہیے، ثاقب نثار اور ان کے بیٹے کو بلا کر پوچھیں کیوں پی ٹی آئی کے ٹکٹ بیچ رہے ہو۔

انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار اور ان کے بیٹے کی گفتگو پر عدالت میں کہا گیا کہ پرائیوٹ گفتگو ہے، ثاقب نثار کے فیصلوں سے ملک کو نقصان پہنچا ہے، وہ جب چیف جسٹس تھے تو انہوں نے عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا تھا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ عمران خان نے غیر قانونی کام کیا تو کارروائی ہونی چاہیے جو نہیں ہو رہی، غلط لوگوں کو اسٹے آرڈر دیا وہی لوگ آئین اور قانون کو توڑ رہے ہیں، سپریم کورٹ نے کہا کہ انہوں نے غیر قانونی کام کیا، آپ نے عمران خان، عارف علوی اور قاسم سوری کو کیا سزا دی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہو رہی، عمران خان غیرملکی میڈیا سے مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں اور آج بھی جھوٹا بیانیہ بنا رہے ہیں، عمران خان کا پاکستان میں الگ اور باہر الگ بیانیہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پی ٹی آئی ورکرز کے ذہنوں میں زہر ڈالا اور  آج ان کو پہچاننے سے انکاری ہیں، اتنے سنگین جرائم کے بعد ایک دن بھی یہ جیل نہیں گیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کے چھوڑے لوگ آج بھی پروپیگنڈا میں مصروف ہیں، ان کے سہولت کاروں کو بھی قانون کی ایک آنکھ سے دیکھا جائے۔

قومی خبریں سے مزید