پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کو گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو انکے گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ پرویز الہٰی گاڑی میں جارہے تھے پولیس نے گاڑی روک کر گرفتار کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ چوہدری پرویز الہٰی کو اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کیا۔
چوہدری پرویز الہٰی کے ترجمان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی گرفتاری کی تصدیق کردی۔
پرویز الہٰی کے خلاف اینٹی کرپشن میں ٹھیکوں میں کمیشن لینے کے الزام پر مقدمہ درج ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کےخلاف لاہور کے تھانہ میں کار سرکار میں مداخلت اور پولیس پر تشدد کا مقدمہ بھی درج ہے۔
چوہدری پرویز الہٰی کو اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹرز منتقل کردیا گیا۔
پرویز الہٰی گھر سے فرار ہورہے تھے
نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی کو پولیس نے گرفتار کیا، پرویز الہٰی گھر سے نکل کر فرار ہورہے تھے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عامر میر نے کہا کہ پرویز الہٰی اینٹی کرپشن پولیس کو مطلوب تھے، گھر سے 2 سے 3 گاڑیاں نکلیں، پولیس نے روکا تو ایک گاڑی میں پرویز الہٰی تھے۔
نگراں وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی کی گرفتاری کے وقت مزاحمت کی گئی، جس کے بعد گاڑی کا دروازہ کھولا گیا تو پرویز الہٰی برآمد ہوئے۔
عامر میر نے مزید کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی چھپنے کے ماہر ہیں آج فرار ہوتے ہوئے پکڑے گئے۔