• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ابوظہبی، ریاست اور اداروں کی نیک نامی کو نقصان پہنچانے پر 5 برس قید اور پانچ لاکھ درہم جرمانہ کی سزا

ابوظہبی (نیوز ڈیسک)ابوظبی کے محکمہ انصاف نے خبردار کیا ہے کہ ریاست اور اس کے اداروں کی نیک نامی کو نقصان پہنچانے پر 5برس قید اور پانچ لاکھ درہم جرمانے کی سزا ہوگی۔ مقامی میڈیا کے مطابق محکمہ انصاف نے توجہ دلائی ہے کہ ان دنوں ریاست میں مہم’آپ کی آزادی ، قانونی حد تک‘ چلائی جارہی ہے ۔ محکمہ انصاف نے توجہ دلائی ہے کہ جو شخص بھی کسی ویب سائٹ یا انفارمیشن نیٹ ورک یا انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کسی ذریعے سے ریاست یا اس کے کسی ادارے کے خلاف معلومات عام کرے گا یا بدنام کرنے والی خبریں یا ڈیٹا ، تصاویر ، وڈیو یا افواہیں پھیلائے گا ،اسے5 برس قید اور پانچ لاکھ درہم تک جرمانے کی سزا ہوگی۔کسی بھی شخص کو ریاست یا اس کے کسی ادارے یا اقتدار کو چیلنج کرنے یا ریاستی وقار اور شناخت کو نقصان پہنچانے یا مذاق اڑانے کی اجازت نہیں ہے۔محکمہ انصاف نےکہاکہ بہت سارے اداروں کی جانب سے اپنے خلاف پھیلائے جانے والے لٹریچر یا بدنامی کا باعث بننے والے تبصروں کو نظر انداز کرنے کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ایسا کرنے والوں کے خلاف وہ عدالت کے دروازے نہیں کھٹکھٹا سکتے، لہٰذا سب پر لازم ہے کہ وہ کوئی بات کرنے سے قبل یہ بات مدنظر رکھیں کہ آیا ان کی گفتگو یا تصاویر جاری کرنے سے وہ قانونی احتساب کے دائرے میں تو نہیں آجائیں گے۔محکمہ انصاف نے مزید کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی وسائل کے ذریعے دشنام طرازی اور آبرو کے حوالے سے تہمت پر زیادہ سخت سزا ہے کیونکہ ان وسائل کے ذریعے جو کچھ بھی پیش کیا جاتا ہے وہ تیزی سے پورے معاشرے میں پھیل جاتا ہے۔

دنیا بھر سے سے مزید