• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبہ سے زیادتی، بھارتی پنجاب میں طلبا کا احتجاج، گاڑیاں نذر آتش، نیشنل ہائی وے گھنٹوں بند

لاہور(خالد محمود خالد) بھارتی پنجاب کے شہر پھگواڑا میں مقامی یونیورسٹی کے طلبہ نے گرلز ہاسٹل میں ایک طالبہ کے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتی پر شدید احتجاج کیا جو بعد ازاں پرتشدد ہوگیا۔ مظاہرین نے یونیورسٹی کی املاک کو نقصان پہنچایا، کھڑکیوں کے شیشے توڑے اور گاڑیوں کو آگ لگا دی جبکہ جالندھر پھگواڑا نیشنل ہائی وے بھی کئی گھنٹوں سے بند ہے۔ احتجاج کا آغاز ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب گرلز ہاسٹل کے قریب ہوا، جہاں چند روز قبل ایک طالبہ کو یونیورسٹی کے گرلز ہاسٹل میں ایک بیرونی شخص نے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ طلبہ نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ نے مبینہ واقعے پر مناسب کارروائی نہیں کی۔ کپورتھلہ کے ایس ایس پی گورو تورا نے کہا تھا کہ پولیس کو کسی ایسے جرم کی پہلے سے اطلاع نہیں تھی تاہم بعد میں ایک طالبہ کے بیان کی بنیاد پر ستنام پورہ پولیس اسٹیشن میں نامعلوم شخص کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 64 کے تحت ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ جالندھر رینج کے ڈی آئی جی نوین سنگلا کے مطابق معاملے کی تحقیقات کے لئے خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جو دستیاب سی سی ٹی وی فوٹیج، فرانزک شواہد اور دیگر تکنیکی معلومات کا جائزہ لے گی۔

دنیا بھر سے سے مزید