لاہور میں ملت پارک کے علاقے میں واقع ایک گھر سے 2 کمسن بھائیوں کی لاشیں ملی ہیں۔
پولیس کے مطابق 5 سالہ ارتضیٰ اور 3 سالہ راحیل کی لاشیں آٹا رکھنے والے ڈبے سے برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک روز قبل دونوں کمسن بھائیوں کے اغواء کا مقدمہ درج کرایا گیا تھا، اغواء کی ایف آئی آر کمسن بھائیوں کے والد کی مدعیت میں درج کی گئی تھی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق بچے گھر سے باہر کھیل رہے تھے کہ انہیں اغواء کر لیا گیا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ مکان کے ایک پورشن میں مقتول بچوں کے چچا کی فیملی مقیم ہے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں سے دہرے قتل کے اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
بچوں کے والد کی جانب سے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ بچے گھر میں ہی کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوئے تھے۔
’’بچے کھیلتے ہوئے آٹے کے ڈبے میں گھس گئے، ڈھکن بند ہونے کی وجہ سے نکل نہ سکے‘‘
پولیس کے مطابق بچوں کے والد کا دیے گئے بیان میں کہنا ہے کہ بچے کھیلتے ہوئے آٹا رکھنے والے ڈبے میں گھس گئے تھے، ڈبے کا ڈھکن بند ہونے کی وجہ سے بچے باہر نہ نکل سکے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ بچوں کے والد کا کہنا ہے کہ ہم لوگ سمجھتے رہے کہ بچوں کو کسی نے اغواء کر لیا ہے، آج بدبو آنے پر ڈبہ کھولا تو دونوں کی لاشیں ملیں۔
پولیس کے مطابق دونوں بچوں کی لاشوں کے پوسٹ مارٹم کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے، تحقیقات جاری ہیں۔