اسلام آباد (فاروق اقدس/ تجزیاتی رپورٹ) بھارتیہ جنتا پارٹی کے تعصب ناروا سلوک اور توسیع پسندانہ عزائم سے صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ اس کادم بھرنے والے پڑوسی جن میں بنگلہ دیش اور نیپال شامل ہیں وہ بھی نالاں اور شاکی ہیں، جس کا مظاہرہ حال ہی میں بھارت کی نئی پارلیمنٹ میں قدیم ’اکھنڈ بھارت‘ کے نقشے والی ایک دیوار گیر تصویر نے پاکستان کے بعد بنگلہ دیش اور نیپال کو بھی ناراض کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ نئی پارلیمنٹ کی عمارت میں آویزاں ایک فن پارے میں بھارت کو مغرب میں افغانستان، مالدیپ، سری لنکا اور بھوٹان سمیت قریبی ممالک میں پھیلا ہوا دکھایا گیا ہے۔ ’گریٹر انڈیا،‘ جس کو ہندی میں ’اکھنڈ بھارت‘ کہا جاتا ہے کا تصور سخت گیر قوم پرستوں کے نظریے سے میل کھاتا ہے۔