سوڈان نےاقوام متحدہ مشن کے سربراہ والکر پرتھیس کو ناپسندیدہ شخصیت قراردےدیا۔
سوڈان کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کو والکر پرتھیس کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دینے کے بارے میں بتا دیا ہے۔
سوڈانی فوجی کونسل کے سربراہ عبدالفتح البرہان نے اقوام متحدہ کے نمائندے پر ملکی تنازع کو ہوا دینےکا الزام لگایا ہے۔
دوسری جانب والکر پرتھیس جوکہ2021ء سے سوڈان کے مشن کی سربراہی کررہے ہیں، اُنہوں نے تنازع کو ہوا دینے کے الزامات کے خلاف اقوام متحدہ کا سختی سے دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ’اس تنازع کو ہوا دینے کا ذمہ دار میں نہیں بلکہ جنگ میں شامل دو جنرل ہیں‘۔
اقوام متحدہ کے مشن کے ٹوئٹر ہینڈل کے مطابق، والکر پرتھیس جمعرات کو سفارتی گفتگو کے سلسلے میں ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا میں موجود تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے کہا تھا کہ وہ سوڈانی فوجی کونسل کے سربراہ عبدالفتح البرہان کی جانب سے مبینہ طور پر اپنے خصوصی نمائندے والکر پرتھیس کو تبدیل کرنے کی درخواست ملنے پر حیران ہیں۔
اس حوالے سے اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے اپنے بیان میں کہا کہ’انتونیو گوتریس کو والکر پرتھیس کے کام پر فخر ہے اور وہ اپنے نمائندۂ خصوصی پر مکمل اعتماد کا اعادہ کرتے ہیں‘۔