ڈیرہ غازی خان (نمائندہ جنگ) چھوٹو گینگ کے 16 ارکان پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا گیا جنھوں نے گزشتہ روز ،انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا ،عدالت نے اہلکاروں کے اغوا و قتل کیس میں 45 روز ہ ریمانڈ منظور کر لیا جبکہ دیگر چار مقدمات میں 30،30 دن کا ریمانڈ منظور کیا گیا ،سر غنہ غلام رسول خالد عرف خالدی کجلانی ،اسحاق چنگوانی و دیگر ملزمان کو انتہائی سخت حفاظتی انتظامات میں عدالت لا یا گیا ، عدالت میں تھانہ بنگلہ اچھا میں درج 5 مقدمات کی سماعت ہوئی،چھوٹو کو 19 جولائی کو دوبارہ پیش کیا جائیگا تفصیل کے مطابق قتل ، ڈکیتی ، اغوا برائے تاوان سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث بدنام زمانہ چھوٹو گینگ کے سر غنہ غلام رسول عرف چھوٹو سمیت 16ملزمان کو ڈیرہ غاز ی خان میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا ، عدالت نے تمام ملزمان کا 45روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ،جبکہ دیگر چار مقدمات میں غلام رسول چھوٹو کا 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کے احکامات جاری کر دیئے ،تفصیلات کے مطابق چھوٹو گینگ کے سر غنہ غلام رسول عرف چھوٹو کو دیگر 15ساتھیوں خالد عرف خالدی کجلانی ،اسحاق چنگوانی ، دین اللہ ، نادر ، غلام حیدر ، حاکم ، جمعہ ، راشد ، بہرام ، بشیر ، رزاق ، ماجد ، بھولا ، قاسم وغیرہ کو انتہائی سخت حفاظتی انتظامات میں ڈیرہ غازیخان کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا ، اس موقع پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے کنونئیر و ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) عطا محمد ، ایس پی سی ٹی ڈی بہاولپور آفتاب احمد ،ایس ایچ او تھانہ بنگلہ اچھا طالب حسین کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری موجود تھی ، خصوصی عدالت کے جج وجاہت حسین خان نے تھانہ بنگلہ اچھا میں درج پانچ الگ الگ مقدمات کی سماعت کی اور مقدمہ نمبر 47/16 میں غلام رسول عرف چھوٹو سمیت 16ملزمان کا 45روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 4اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ، جبکہ تھانہ بنگلہ اچھا کے دیگر چار مقدمات 67/11, 69/11, 15/03, 40/04میں غلام رسول عرف چھوٹو کا 30روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے دوبارہ 19جولائی کو عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کئے یاد رہے کہ غلام رسول چھوٹو راجن پور کچہ کے علاقہ کچہ جمال میں دو ہفتوں تک پولیس اور فورسز کے ساتھ مقابلہ کر نے کے بعد 20اپریل کو ہتھیار ڈالتے ہو ئے خود کو ساتھیوں سمیت پاک فوج کے حوالے کیا تھا اس موقع پر آئی ایس پی آر نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے ذریعے تحقیقات کر نے کا اعلان کیا تھا چھوٹو اور اس کے ساتھیوں کو گزشتہ روز جے آئی ٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے جنہوں نے 45روز ہ ریمانڈ حاصل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے چھوٹو اور اس کے ساتھیوں سے اہم انکشافات متوقع ہیں جن میں ان کے سہولت کار اور اہم سیاسی شخصیات کی سرپرستی بھی بے نقاب ہو نے کا امکان ہے