• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نظام دین کی بیٹھک میں ہرکوئی یہ سوال پوچھتا ہے کہ9مئی کے سیا ہ دن جو لوگ، دفاعی تنصیبات، عمارتوں پر حملہ آور ہوئے اور آگ لگائی، پہلے پولیس پھر فوج نے ان سیاہ کاروں کو روکا کیوں نہیں؟ سیاہ کاروں کے سہولت کاروں کی اب بھی یہی رائے ہے کہ یہ سب کچھ عمران خان اور تحریک انصاف کو شکنجے میں لانے اور پابندی لگانے کیلئے ایک باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔ رائے عامہ کا رُخ زبردستی موڑنے کی کوشش میں تسلسل کے ساتھ ایسی من گھڑت اور بے سروپا ویڈیوز توڑ مروڑ کر سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی ہیں کہ جن میں قومی سلامتی کے اداروں کو ظالم اور ملزم پارٹی کو مظلوم بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ جذبات کی بجائے ذرا غور و فکر اور تحقیق سے ان ویڈیوز کا جائزہ لیں تو اکثریتی ویڈیوز کا تعلق پاکستان سے بالکل نہیں ہے۔ زیادہ تر ویڈیوز پرانی ہیں اور ان کا تعلق مقبوضہ کشمیر، افغانستان یا ایسے ممالک سے ہے جہاں قابض افواج یا مقامی پولیس اہلکار تشدد کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ اسی طرح 9مئی کے واقعات میں گرفتار خواتین کے بارے میں ایسی بے بنیاد افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں کہ خدانخواستہ ان سے جیل میں کسی قسم کا ظلم و زیادتی کی جا رہی ہے۔ فیس بک، ٹویٹر اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نامعلوم خواتین کے جسموں پر تشدد کے نشانات والی گمنام تصاویر شیئر کر کے عوام میں اشتعال پیدا کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ پنجاب میں تحریک انصاف کی گرفتار خواتین کی تعداد ایک درجن سے زائد نہیں جبکہ پولیس کو 500سو سے زائد خواتین انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مطلوب ہیں لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے ان خواتین کی گرفتاریوں کے بارے میں انتہائی محتاط ہیں اگرچہ ان کے پاس 9مئی کی سیاہ کاریوں میں ملوث افراد کے بارے میں آڈیوز ویڈیوز اور تصاویر کی شکل میں ٹھوس اور واضح ثبوت موجود ہیں کہ کس طرح تحریک انصاف کی قیادت نے اپنے ٹائیگرز کو ریاست کی اینٹ سے اینٹ بجانے پر مائل کیا۔ افسوس صد افسوس کہ ریاست سے براہ راست ٹکرانے والے یہ عناصر گرفتار بھی ہوئے انہیں نظام دین کی بیٹھک میں انصاف کیلئے پیش بھی کیا گیا لیکن انہیں دھڑا دھڑ ضمانتوں پر ضمانتیں دے کر رہائی کے پروانے تھما کر انصاف کے ساتھ پورا انصاف کیا۔ اول الذکر سوال کا ایک ہی جواب ہے کہ جب نظام دین کی بیٹھک ایک مخصوص جرائم پیشہ گروہ کے جرائم کی پردہ پوشی کرے گی جب پولیس کی وردیاں سر عام اتاری جائیں گی اور سر پھاڑے جائیں گے، زمان پارک کے اندر سے پٹرول بم پھینکنے والوں کو حفاظتی ضمانت میں لے لیا جائے گا اور سارے جرائم کے مرکزی کردار کو ریمانڈ کے دوران اپنی تحویل میں لے کر ریسٹ ہاؤس میں مہمان خاص بنایاجائے گا تو پھر پولیس ان بلوائیوں کو ہنگامہ آرائی سے کیوں روکے گی؟ نظام دین کی بیٹھک میں آج کل انوکھے فیصلے کئے جا رہے ہیں، ہنگامہ آرائی میں ملوث ملزم کی گرفتاری پر پولیس افسر کو کھڑے پاؤں معطل کر دیا جاتا ہے جبکہ سابق وزراء کو گرفتار نہ کرنے پر خیبرپختونخوا کے ایک ایس ایچ او کو گرفتار کر لیا جاتا ہے تو ایسے حالات میں قانون نافذ کرنے والے ادارے آگے بڑھ کر بلوائیوں کو کیسے روکیں گے؟ جہاں تک قومی سلامتی کے اداروں کے ڈسپلن کا تعلق ہے تو ان کے فیصلے اعلیٰ کمان کے تابع ہوتے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ پاک فوج کبھی اپنے عوام کے خلاف کھڑی نہیں ہوئی اور نہ ہی عوام پر گولی چلائی۔ یہ پاک فوج اور عوام کے درمیان محبت، احترام کا وہ مضبوط رشتہ ہے جو کبھی ختم نہیں ہو سکتا۔ 9مئی کی سازش کب اور کہاں، کس نے تیار کی حقائق جلد سامنے آئیں گے۔ حرف آخر یہ ہے کہ اگر نظام دین کی بیٹھک بروقت اور درست فیصلے کرتی اور اتحادی حکومت کے خلاف لانگ مارچ کے دوران اسلام آباد میں ایک مخصوص مقام پر احتجاجی دھرنے کی اجازت کے باوجود آگ اور خون کی ہولی کھیلنے والوں کو سزائیں سنائی جاتیں تو شاید ہمیں 9مئی کا سیاہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ طرفہ تماشہ دیکھئے کہ لاہور سے پشاور اور کوئٹہ تک سیاہ کار اپنا نام نہاد انقلاب برپا کرتے رہے۔ انصافیوں کا سربراہ جس ماتحت عدالت کے اندر گرفتار ہوا اسی عدالت نے گرفتاری کو قانونی قرار دیا لیکن ماتحت عدالت کے فیصلے کو تسلیم کرنے کی بجائے اسے کالعدم قرار دے دیا گیا۔ انصاف ایک عدالت سے دوسری عدالت میں رُلتا رہا، ایک ہی دن میں اگلے پچھلے تمام مقدمات میں ملزم کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ ملزم صاحب ماتحت عدالت کے اندر بیٹھے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویوز میں آرمی چیف کو کھلے عام دھمکیاں دیتے رہے۔ نظام دین کی بیٹھک پھر بھی خاموش رہی۔ جواب ایک ہی ہے کہ جب نظام دین کی بیٹھک بروقت انصاف نہیں کرےگی تو پھر فوجی عدالتیں ہی لگانا پڑیں گی۔ رونا کس بات کا؟ پروجیکٹ عمران کی ناکامی میں جہاں خود عمران خان ذمے دار ہیں وہاں ان کے سہولت کار بھی انہیں ڈبونے میں مددگار ثابت ہوئے۔ کاش! عدل و انصاف سے کام لیا جاتا تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ بچپن کا غیر معمولی لاڈ پیار جوانی اور بڑھاپے کا عذاب بن جاتا ہے۔ سبق آموز کہانی کا خلاصہ یہی ہے کہ آئندہ ایسا کوئی بھی پروجیکٹ لانچ کرنے سے پہلے اس کے نتائج پر ہزار بار غور کر لیجئے۔

تازہ ترین