بحیرۂ عرب میں موجود سمندری طوفان بپر جوائے کی شدت برقرار ہے، کراچی، حیدرآباد میں 13 سے 16 جون کے درمیان آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہ یار اور میرپورخاص میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
سمندری طوفان کراچی کے ساحل سے 690 کلومیٹر دور ہے، سمندری ہوائیں 15 جون کو ٹھٹہ کے ساحل کیٹی بندر اور بھارتی ریاست گجرات کو عبور کریں گی۔
طوفان کے دوران کیٹی بندر اور اس کے اطراف سمندری لہریں 8 سے 12 فٹ تک بلند ہوسکتی ہیں۔
محکمۂ موسمیات نے ماہی گیروں کو طوفان ختم ہونے تک کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کر دی ہے۔
ٹھٹہ اور بدین کے اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کی گئی ہے جبکہ تھرپارکر کے مختلف علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایت کی گئی ہے۔
ضلع سجاول میں بھی ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے، گوادر کے ساحل پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔