ہیوسٹن( جنگ نیوز) سابق جرمن اسٹار اور کپتان یرگن کلنز مین کی نگرانی میں امریکی فٹ بال ٹیم بڑے عزائم لیے منگل کو میدان کا رخ کرے گی، کھلاڑیوں کا عزم ارجنٹائن کو زیر کرکے کوپا امریکا کے فائنل میں رسائی حاصل کرنا ہے۔ امریکی ٹیم کو ہوم گرائونڈ اور کرائوڈ کا ایڈوانٹیج تو ضرور حاصل ہوگا البت کا ان کا مقابلہ دنیا کے بہترین کھلاڑی لیونل میسی کی قیادت میں کھیلنے والی ارجنٹائن کی ٹیم سے ہوگا۔ سیمی فائنل میں ماہرین سابق عالمی چیمپئن کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔ تاہم اہم بات ہے کہ یرگن کلنز مین نے ٹورنامنٹ کے لاسٹ فور مرحلے تک رسائی کو پہلا ہدف قرار دیا تھا اور وہ اس میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ یو ایس ٹیم نے سخت گروپ مرحلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی جہاں اس نے ان فارم میں خود سے زیادہ تجربہ کار ٹیم ایکواڈور کو غیر متوقع طور پر شکست دی۔ سیمی فائنل میں لیکن ارجنٹائن کے خلاف کلنزمین کی ٹیم کیلئے امتحان انتہائی سخت ہوگا امریکہ نے حال میں فرینڈلی میچوں میں اچھی کارکردگی ہے جس سے تقویت پاتے ہوئے کوچ کو امید ہے کہ وہ مقامی تماشائیوں کو مایوس نہیں کرے گی اور کامیابی اپنے نام کرے گی۔ کلنزمین جانتے ہیں کہ ٹیم کو کس طرح چیمپئن بنایا جاسکتا ہے کیونکہ وہ عالمی چیمپئن جرمن ٹیم کے رکن رہ چکے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ کوئی وجہ نہیں ہے کہ ہم کوپا امریکہ نہیں جیت سکتے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں ہم نے انٹرنیشنل فرینڈلی میچز کے لیے یورپ اور میکسیکو کے کئی دورے کئے ہیں اور اہم بات ہے کہ سخت حریف ٹیموں کے خلاف فتوحات بھی حاصل کی ہیں ۔ دوسری طرف ارجنٹائن نے اب تک چار میچوں میں 14 گول داغے ہیں اور اسے روکنا آسان نہیں ہوگا۔ میسی نے کوارٹر فائنل میں وینزویلا کے خلاف بھی گول داغا جس سے ٹیم 4-1 سے جیت درج کرنے میں کامیاب رہی۔ میسی نے مخالف ٹیم کو خبردار کیا ہوئے کہا کہ ہم نے کامیابی کا فارمولا پالیا ہے، ہوم ٹیم ہوشیار رہے البتہ تسلیم کرتا ہوں کہ امریکی تماشائیوں کے سامنے ان ک میدانوں میں ہوم ٹیم کے خلاف آسان نہیں ہوگا ۔ جسمانی طور پر ہماری ٹیم کافی مضبوط ہے اور اگر ہمیں موقع ملا تو مخالف ٹیم کو کافی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔