وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ٹیلیفون کیا اور سمندری طوفان بپرجوئے کے حوالے سے صورتحال اور اقدامات پر بات چیت کی۔
وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ سندھ کے سمندری طوفان کے خطرات سے نمٹنے کےلیے پیشگی انتظامات کو سراہا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاق، صوبائی حکومتوں اور اداروں کے درمیان مؤثر حکمت عملی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ متعلقہ علاقوں سے عوام کی بروقت محفوظ علاقوں میں منتقلی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم کو عوام کو پیشگی خبردار کرنے اور اطلاعات پہنچانے کے حوالے سے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے ضروری سامان، آلات اور دیگر متعلقہ اشیاء کے پیشگی انتظامات پر بھی آگاہی حاصل کی۔
وزیراعظم نے صورتحال سے نمٹنے میں وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام وفاقی ادارے سندھ حکومت کی مدد کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔