کراچی(اسٹاف رپورٹر) لاہور میں جاری پہلے فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کے دوسرے روز مزید تین میچوں کا فیصلہ ہو گیا۔کراچی شارکس دوسرے میچ بھی ہار گئی۔ اسے فیصل آباد فالکنز نے 5-3 سے زیر کیا۔ فیصل آباد کی طرف سے کپتان دلبر نے دو، تعظیم الحسن، محسن صابر اور عدنان انور نے ایک ایک گول کیا جبکہ کراچی شارکس کی جانب سے سکندر مصطفٰی، ذیشان بخار اور حسن انور نے ایک ایک گول کیا۔ حسن انور کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دوسرے میچ کوئٹہ واریئر نے پشاور پینتھرز کو 9-5سےشکست دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے رضوان جونیئر نے چار، علی حسن فراز نے دو جبکہ اسفندیار خان، کاشف علی اور کاشف جاوید نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ پشاور کی جانب سے عدیل لطیف نے تین جبکہ خیر اﷲ اور سمیع اﷲ نے ایک ایک گول کیا۔ کوئٹہ کے گول کیپر طلال خالد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تیسرے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور لائنز کو اسلام آباد فائیٹرز نے7-6سے زیر کیا۔ فاتح ٹیم کے اعجاز احمد اور وسیم اکرم نے دو دو جبکہ راشد محمود، رضولان سینئر اور رضوان علی نے ایک ایک گول کیا۔ لاہور کی جانب سے رانا سہیل نے تین، بلال محمود نے 2 اور اظفر یعقوب نے ایک ایک گول سکور کیا۔ لاہور ٹیم کے رانا سہیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔