وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے حکمران جماعت ن لیگ کی انتخابی مہم شروع کرنے کی تصدیق کردی۔
لاہور میں میٹ دی پریس سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن اپنی آئین مدت کے مطابق ہوں گے، مسلم لیگ ن اپنی انتخابی مہم شروع کر چکی ہے، عوامی حمایت ہمارے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ کی ذمہ داری پارلیمنٹ، عدلیہ اور مقننہ کے پاس برابر ہے، وزیراعظم شہباز شریف کہہ چکے ہیں کہ الیکشن کروانا صرف الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ قوم انتشار کی سیاست سے تنگ آچکی ہے، اعمال ٹھیک ہوں تو سیاست سے کسی کو مائنس نہیں کیا جا سکتا، میں بچپن سے نواز شریف کو مائنس کرنے کی باتین سن رہی ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جن جماعتوں کے لیڈر گیدڑ نہیں ہوتے انہیں مائنس نہیں کیا جا سکتا، مسلم لیگ ن ہی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، میرا تو دل کرتا ہے کہ نواز شریف ابھی آ جائیں، ملک کو اس وقت میاں صاحب کی ضرورت ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2018 میں آر ٹی ایس بٹھا کر ایک کرپٹ شخص مسلط کر دیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس جو ریاستی طاقت تھی وہ موجودہ حکومت کے پاس بھی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے صرف باتین ہی نہیں کیں، کام بھی کر کے دکھایا ہے، اتحادی حکومت نے معیشت کی سمت ٹھیک کر دی، حکومت نے مناسب بجٹ بنایا ہے۔
وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں کےساتھ مل کر بجٹ بنایا، نواز شریف کی قیادت میں جب بھی حکومت بنی مہنگائی پر قابو پایا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ کسی بھی قدرتی آفت سے نمٹنے کےلیے بہتر منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے سیاسی انتقام کا دور بھی دیکھا، سابق حکومت کے دور میں سیاسی قائدین، کارکنوں اور صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے صحافیوں کی مدد سے کالا قانون بھی ختم کیا، میڈیا ورکرز کو بھی 32 ہزار روپے کی کم از کم تنخواہ کے پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔