لاہور (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پرانے اور نئے حکمرانوں نے ملک لوٹ لیا، مسلسل کرپٹ نظام اور اس کے وفاداروں نے عوام کے منہ سے نوالہ تک چھین لیا، حکومت کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے، حساب اور احتساب اب عوام کریں گے، ٹیسٹ ٹیوب لیڈر قوم کو دلدل سے نہیں نکال سکتے، اب متبادل صرف جماعت اسلامی ہے۔ حکمرانوں کے پروٹوکول پر غریب کا پیسہ خرچ ہو رہا ہے، سینیٹ میں مراعات میں اضافہ کرنا غریب قوم کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔ حکمرانوں اور ان کے جھوٹے نعروں کے پول کھل گئے، یہ 90ءکی دہائی نہیں ، اکیسویں صدی کا نوجوان حالات سے مکمل باخبر ہے ،تیرا چور مردہ آباد ، میرا چور زندہ باد کی باتیں کرنے والے ایکسپوز ہوچکے، آئندہ الیکشن میں نورا کشتی نہیں چلے گی۔ کرپٹ سسٹم کو بدلنا ہوگا، وقت آگیا کہ ملک کو اسلامی نظام دیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے دوسرے روز گفتگو کے دوران کیا۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال، کراچی میئر الیکشن، قومی انتخابات اور تنظیمی امور پر گفتگو ہوئی۔ امیر جماعت تین روزہ اجلاس کے اختتام پر اتوار کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی عروج پر ہے اور چترال سے کراچی تک ہرشخص پریشان ہے ، اگر کوئی ٹس سے مس نہیں تو ملک کے حکمران ہیں، جن کے بچے اور جائدادیں بیرون ملک ہیں ۔ اس وقت پاکستان میں اشیائے خورونوش، ادویات، پٹرول، بجلی، گیس کی قیمتیں خطے کے سبھی ممالک سے زیادہ ہیں، ڈالر کی اونچی پرواز جاری ہے، وزیرخزانہ کے ڈالر کو کنٹرول کرنے کے وعدے مکمل جھوٹ ثابت ہوئے۔ سٹیٹ بنک ہر آئے روز شرح سودمیں اضافہ کردیتا ہے، سود اسلام، آئین کے متصادم اور وفاقی شرعی عدالت کے فیصلوں کی نفی مگراسلامی ملک کے حکمران اسے جاری رکھنے پر بضد ہے۔