لاہور(نمائندہ جنگ،جنگ نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ پارٹی الیکشن کیلئے پوری طرح تیار ہے، نوازشریف کی پالیسی پر عمل ہوگا، ہمیں یقین ہے کہ کارکنان کی محنت کے بل بوتے پر آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) ایک موثر پارلیمانی قوت بن کر ابھرے گی، پارٹی کارکنان عوامی رابطہ مہم شروع کر دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اویس لغاری، رکن قومی اسمبلی ندیم عباس ربیرہ، سابق ایم این اے عبدالمجید خان خانان خیل اور سابق صوبائی وزیر نعیم خان بابا نے الگ الگ ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر لیگی رہنماؤں نے مریم نواز کو پارٹی کی چیف آرگنائزر منتخب ہونے، جنرل کونسل اجلاس کے کامیاب انعقاد پر پارٹی قیادت کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، صدر شہباز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔