بحر اوقیانوس میں سیاحوں کی لاپتا آبدوز ٹائٹن کی تلاش کا دائرہ گہرے پانیوں تک وسیع کر دیا گیا۔ امریکی کوسٹ گارڈز کا کہنا ہے کہ تلاش کا کام رات میں بھی کیا جا رہا ہے۔
امریکی کوسٹ گارڈز کے مطابق آبدوز کی ہوائی اور سمندری تلاش جاری ہے، جس کے دوران 5 ہزار مربع میل کے رقبے کو دیکھ لیا گیا ہے
آبدوز کی تلاش میں امریکا، کینیڈا کے بحری جہاز اور طیارے حصہ لے رہے ہیں، آبدوز آپریٹنگ کمپنی کے مطابق اتوار کو لاپتا ہونے والی آبدوز میں جمعرات کی صبح تک کی آکسیجن موجود ہے۔
واضح رہے کہ آبدوز کا رابطہ روانہ ہونے کے 1 گھنٹے 45 منٹ بعد سطح سے منقطع ہوگیا تھا، آبدوز میں ایک پائلٹ اور دو پاکستانیوں سمیت 4 مسافر سوار ہیں جن میں برطانوی ارب پتی ہمیش ہارڈنگ، پاکستانی تاجر شہزادہ داؤد، ان کا بیٹا سلیمان اور آبدوز کمپنی اوشین گیٹ کے چیف ایگزیکٹو اسٹاکٹن رش شامل ہیں۔
آبدوز پر سیاحتی سفر کے لیے فی کس لاگت ڈھائی لاکھ ڈالر ہے، ٹائیٹینک کا ملبہ بحر اوقیانوس میں 12 ہزار500 فٹ کی گہرائی میں موجود ہے۔
دوسری جانب آبدوز کی تلاش کے لیے فرانس بھی اپنا بحری جہاز بھیج رہا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق ریسکیو آپریشن کیلئے غوطہ خور کشتی سے لیس بحری جہاز بھیجا جائے گا۔
فرانسیسی حکام کے مطابق آبدوز میں موجود افراد میں ایک فرانسیسی شہری بھی ہے۔