وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے ماحولیات جان کیری سے پیرس میں ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہیں لہٰذا مشترکہ حکمت عملی اور کوششیں درکار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی مسائل خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کی ترقی کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شدید معاشی مشکلات میں 2022 کے تباہ کن سیلاب نے مسائل کو مزید مشکل بنا دیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام کے بعد وسائل کی فراہمی کے وعدوں کو عملی شکل دینا اہم ہے۔ نئے عالمی مالیاتی معاہدے کیلئے پیرس کانفرنس ترقی پذیر ممالک کیلئے امید کا پیغام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کو وسائل دینے کیلئے عالمی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاح ضروری ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور جان کیری نے ایک دوسرے کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے ماحولیات کے مسئلے پر جان کیری اور امریکی حکومت کی ترجیحات کو سراہا۔
جان کیری نے موسمیاتی تبدیلیوں سےترقی پذیر ممالک کیلئے خطرات میں اضافے سے اتفاق کیا۔
دونوں رہنماﺅں نے مشترکہ کوششوں کیلئے رابطے برقرار رکھنے اور مشاورت سے آگے بڑھنے پر اتفاق کیا۔ یہ ملاقات نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق عالمی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔