ایئر پورٹس سیکیورٹی فورس کے عملے نے ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دبئی جانے کے لیے پہنچے مسافر کے قبضے سے منشیات برآمد کر لی۔
اے ایس ایف کے ترجمان کے مطابق مسافر رضوان حیدر دبئی جانے کے لیے ملتان ایئر پورٹ پہنچا تھا۔
مسافر نے مذکورہ منشیات نہایت مہارت سے کلف لگے کپڑوں (احرام، تولیے اور واسکٹوں) میں چھپا رکھی تھی۔
2.433 کلو گرام آئس ہیروئن موقع پر ہی کپڑوں کو رگڑنے یا برش کرنے کے نتیجے میں برآمد کی گئی جبکہ کپڑوں میں جذب ہونے والی باقی آئس ہیروئن (12 کلوگرام اور 200 گرام وزن) کو اے این ایف کیمیکل پروسیس کے ذریعے لیب میں برآمد کرے گی۔
اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔